دواؤں کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، ڈریپ کی وضاحت

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے وضاحتی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دواؤں کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔

ایک بیان میں ڈریپ نے کہا ہے کہ حکومت نے نئی رجسٹر ہونے والی 25 دواؤں کی قیمت مقرر کی ہے، تمام 25 نئی دوائیں ہیں، اس سے پہلے پاکستان میں رجسٹر ہی نہیں تھیں۔

تمام 25 ادویات پہلی بار مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کی جا رہی ہیں۔

وضاحتی بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پیراسٹامول کے ساتھ کمبینیشن میں نئی دوا رجسٹر کی گئی ہے، سادہ پیراسٹامول کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل خبر سامنے آئی تھی کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے مختلف ادویات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

ڈریپ اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ جن ادویات کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا گیا ہے اُن میں مختلف بیماریوں کے انجیکشن، گولیاں، انہیلر اور سیرپ شامل ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ نئے سالٹ، فارمولیشن، اسٹرنتھ والی ادویات کی قیمتوں کی حد مقرر کی گئی ہے جبکہ بلڈ پریشر اور خون کی شریانیں کھولنے والی گولیوں کی نئی قیمت متعین کر دی ہے۔