زندگی سے پیار

زندگی سے پیار کرنا کوئی حیرت کی بات نہیں تاہم آپ کو یہ پڑھ کر حیرت ضرورہو گی کہ سوئٹزر لینڈ میں dignitas نامی ایک ہسپتال موجود ہے کہ جو اپنی زندگی ختم کرنے والے افراد کو موت کے منہ میں جانےکی معاونت کرتاہے۔ اس مقصد کیلئے سوئٹزر لینڈ کی حکومت نے اس ہسپتال کو قانونی تحفظ فراہم کیا ہواہے اس ہسپتال میں یورپ بھر سے وہ افراد استفادہ کرنے سوئٹزر لینڈ آتے ہیں کہ جو جان لیوا بیماریوں میں مبتلا ہوتے ہیں اور جن کو ڈاکٹروں نے جواب دے دیا ہوتا ہے‘ہر قبرستان میں بعض قبروں پر نصب کتبوں پر ایسے الفاظ کندہ ہوتے ہیں جو نہ صرف بڑے نصیحت آموز اور معنی خیز ہوتے ہیں بلکہ سبق آموز بھی ہوتے ہیں اس ضمن میں ایک دو مثالیںحاضر ہیں‘ایک قبرستان میں ایک قبر پر نصب کتبہ پرہم نے پشتو میں لکھے ہوئے چند الفاظ پڑھے کہ جن کا اردو ترجمہ یہ ہے” میں بھی کبھی تم جیسا ہوا کرتا تھا،تم بھی ایک دن میری طرح خاک بن جاﺅ گے۔جو لوگ لاہور میں واقع ملکہ نورجہاں کے مقبرہ پر گئے ہوں تو انہوں نے ان کی قبر پر فارسی زبان کا یہ شعر ضرور پڑھا ہوگا جو انہوں نے اپنی زندگی میں لکھ کر وصیت کی تھی کہ ان کی قبر پر جو کتبہ نصب کیا جائے اس پر اسے لکھ دیا جائے۔”بر مزار ما غریباں نے چراغے نے گلے،نے پر پروانہ سوزد،نے صدائے بلبلے“جس کا ترجمہ یہ ہے کہ مجھ بدنصیب کی قبر پر نہ کوئی چراغ جل رہا ہے اور نہ کوئی پھول پڑاہے۔نہ تو کسی پروانے کا جلا ہوا کوئی پر اس پر موجودہے اور نہ کہیں سے بلبل کی صدا آتی ہے۔ان ابتدائی کلمات کے بعد چند تازہ ترین اہم امور کا ہلکا سا ذکر بے جا نہ ہو گا۔آج وطن عزیز کو اگر سب سے زیادہ کسی چیز کی ضرورت ہے تو وہ ہے میثاق معیشت اور اس کے حصول کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے سیاسی اختلافات بالاے طاق رکھ کر یکجا ہونا پڑے گا۔ یہ امر ملک کی معیشت کے لئے خوفناک ہے کہ اگلے روز ایک ارب 17 کروڑ روپے مالیت کی چینی پکڑی گئی جو افغانستان سمگل کی جا رہی تھی۔ اس سے ثابت ہوتاہے کہ وطن عزیز میںخلاف قانون مواد، اجناس اور پیسے کے دوسرے ممالک منتقلی کا راستہ روکنا از حد ضروری ہے ۔اب کچھ تذکرہ عالمی منظر نامے کا ہوجائے۔ ایک تازہ ترین پیش رپورٹ کے مطابق روس اور یوکرین جنگ کے دوران روس کو چین کی ڈرون ٹیکنالوجی کی منتقلی ہوئی ہے اور ساتھ ہی بڑے پیمانے پر روس اور چین کے درمیان دفاعی تعاون کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ اور یہ کوئی ایسی بات نہیں جس پر حیرت کا اظہار کیا جائے۔ کیونکہ اس وقت اگر روس اور چین اکھٹے ہیں تو اس میں دونوں کا فائدہ ہے ۔ کیونکہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی بھر پور کوشش ہے کہ روس اور چین کو اکھٹا نہ ہونے دیا جائے کیونکہ ان دونوں کے اتحاد سے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کیلئے مقابلہ سخت ہوجاتا ہے۔