ایشیا کپ: بھارت بمقابلہ پاکستان۔ 10 اوورز کا کھیل مکمل۔ بھارت کے 3 کھلاڑیوں کے عوض 48 رنز

ایشیا کپ کے ہائی وولٹیج میچ میں بھارت کے خلاف شاہین شاہ آفریدی نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے روہت شرما اور ویرات کوہلی کو آؤٹ کر دیا

سری لنکا کے شہر کینڈی میں ایشیا کپ کے اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی جانب سے باؤلنگ کا آغاز شاہین شاہ آفریدی نے کیا، جنہوں نے اپنے پہلے اوور میں 6 رنز دیے، دوسرے اوور میں نسیم شاہ کی تیسری گیند پر روہت شرما کا کیچ محمد رضوان سے ڈراپ ہو گیا۔

دوسرے اوور کے اختتام پر بھارت نے بغیر کسی نقصان کے 9 رنز بنا لیے، شاہین شاہ کے اگلے اوور کی دوسری گیند پر روہت شرما نے شاندار چوکا رسید کیا، تین اوورز میں بھارت نے 15 رنز بنائے اور اس کا کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں ہوا۔

نسیم شاہ نے اپنے دوسرے اوور میں نپی تلی باؤلنگ جاری رکھی، اور میڈن اوور کروایا۔

4.2 اوورز میں بھارت نے 15 رنز بنائے اور اس کا کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں ہوا، روہت شرما 2 چوکوں کی مدد سے 18 گیندوں پر 11 رنز بنارکھے ہیں جبکہ شبمن گل نے کوئی رن نہیں بنایا، اس موقع پر بارش کے سبب کھیل کو روک دیا گیا۔

بارش رکنے کے بعد میچ دوبارہ شروع کر دیا گیا، شاہین شاہ آفریدی نے اوور کی آخری گیند پر روہت شرما کو بولڈ کر دیا، شبمن گل کا ساتھ دینے بھارت کے تجربہ کار بلے باز ویرات کوہلی کریز پر آئے۔

بھارت نے 6 اوورز ایک وکٹ کے نقصان پر 26 رنز بنائے۔

شاہین آفریدی نے نپی تلی باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھا، اور نئے آنے والے بلے باز ویرات کوہلی کو بولڈ کر دیا، وہ 7 گیندوں پر صرف ایک رنز بنا سکے۔

7 اوورز کے اختتام پر بھارت نے 30 رنز بنائے جبکہ اس کے 2 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے، اس موقع پر شریاس ایر اور شبمن گل کریز پر موجود ہیں۔

قومی کپتان بابر اعظم نے حارث رؤف کو آزمانے کا فیصلہ کیا، تاہم ان کے اوور میں شریاس ایر نے 2 شاندار چوکے رسید کیے، رؤف نے 12 رنز دیے۔

دوسرے اینڈ سے شاہین شاہ آفریدی کی جارحانہ باؤلنگ جاری رہی، انہوں نے نویں اوور میں کوئی رن نہیں دیا اور شبمن گل کو پریشان کیے رکھا۔

حارث رؤف اپنے دوسرے اوور میں اچھی باؤلنگ کروائی اور شریاس ایر کو فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا، وہ 9 گیندوں پر 14 رنز بنا سکے۔

پاکستان کی جانب سے ون ڈے انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ سینچروں کا ریکارڈ برابر کرنے کے لیے بابر اعظم کو ایک تھری فیگر اننگز کھیلنی ہے، سعید انور نے سب سے زیادہ 20 سینچریاں اسکور کر رکھی ہیں۔

بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ موسم تھوڑا (ابر آلود) ہے لیکن ہم اس کے بارے میں زیادہ نہیں سوچ رہے، بنگلور میں ہمارا 6 روزہ کیمپ تھا جہاں ہم نے اپنی صلاحیتوں کو نکھارا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ ایک معیاری ٹورنامنٹ ہے، جس میں اچھی ٹیمیں ہیں، ہمیں یہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ ہم یہاں کیا کر سکتے ہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہم بھی پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، ہم نے گزشتہ ڈیرھ مہینے کے دوران یہاں پر بہت کرکٹ کھیلی ہے، لہٰذا ہمیں کنڈیشن پتا ہے۔