ایشیاکپ: پاک بھارت بقیہ کھیل آج ہوگا، پھر سے بارش کا امکان

ایشیاکپ کے سُپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کے اہم میچ کو مسلسل بارش اور گراؤنڈ فیلڈ خراب ہونے کی وجہ سے معطل کرکے ریزرو ڈے پر منتقل کردیا گیا۔  

کولمبو میں جاری اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ 

میچ کے ابتدائی 16 اوورز میں پاکستانی بولرز کوئی وکٹ نہ لے سکے اور بھارتی اوپنر روہت شرما اور شبمن گل کے درمیان 121 رنز کی پارٹنرشپ لگی۔ 

دونوں بھارتی اوپنرز کے درمیان قائم ہونے والی سنچری پارٹنرشپ کو اسپن بولر شاداب خان نے 16.4 اوورز میں توڑا۔

شاداب خان نے 121 رنز پر بھارت کی پہلی وکٹ حاصل کی، انہوں نے روہت شرما کو 56 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔

اگلے ہی اوور میں شاہین آفریدی نے 123 رنز پر بھارت کے دوسرے اوپنر شمبن گل کو آؤٹ کیا، وہ 58 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

جب بارش کے باعث کھیل روکا گیا تو اس وقت تک بھارت نے 24.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 147 رن بنالیے۔

ویرات کوہلی 8 اور کے ایل راہول 17 رنز بنا کر کیریز پر موجود ہیں۔ 

میچ جب روکا گیا تو اس وقت موسلادھار بارش ہوئی، بارش رکنے کے بعد مختلف مواقع پر گراؤنڈ کی انسپیکشن کی گئی۔

تاہم گراؤنڈ میں جب دوبارہ بارش شروع ہوئی تو امپائرز نے آج کے میچ کو معطل کرکے ریزرو ڈے پر منتقل کردیا۔ 

میچ آج پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔