جنک فوڈکا ذائقہ تو بہت ہوتا ہے پر ڈاکٹر لوگ اسے مضر صحت قرار دیتے ہیں ان کے نزدیک یہ فوڈ اکثر بیماریوں کی جڑ ہے پر تشویش کی بات یہ ہے کہ اس کااستعمال ہماری روزانہ کہ زندگی میں تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ طرح طرح کے موذی امراض جیسے کہ شوگر عارضہ قلب بلڈ پریشر اسی کے استعمال سے ہی جنم لے رہے ہیں۔ محکمہ صحت کو میڈیا کے ذریعہ عام آدمی کی معلومات کیلئے اس ضمن میں آ گاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے نیز والدین کو بھی چاہئے کہ وہ اپنے بال بچوں کو اس کے استعمال سے روکیں۔ اس جملہ معترضہ کے بعد چند اہم تازہ ترین قومی اور عالمی معاملات کے بارے میں بعض معروضات اگر ہم اپنے قارئین کے ساتھ شئیر کردیں تو کوئی مضائقہ نہیں ہو گا۔ڈالر کی خرید وفروخت کرنے والوں ، بجلی چوروں آٹا۔گھی، سونا، سیمنٹ اور چینی ، تیل کے ذخیرہ اندوزوں اورسمگلروں پر ہاتھ ڈالنے کا حکومتی فیصلہ قابل ستائش ہے پر اس کو فوراً سے پیشتر عملی جامہ پہنانے کی ضرورت ہے۔ اگر ان قومی مجرموں میں سے 50 فیصد لوگوں کو بھی سخت ترین سزا د ی جاتی ہیں تو یقین مانئے معاشرے سے ان برائیوں کا کافی حد تک قلع قمع ہو سکتا ہے۔ پروفیشنل کالجز اور دیگر اعلی تعلیم دینے والی درسگاہوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹوں میں نقل اور دیگر باقاعدگیوں کی جو خبریں تواتر سے آ رہی ہیں ان سے پتہ چل رہا ہے کہ ہمارا معاشرہ کس قدر اخلاقی زوال کا شکار ہو چکا ہے اور ہم میں کس قدر اخلاقیات کا فقدان ہے۔ جو فرد نقل کر کے پروفیشنل کالج میں داخلہ لے گا یا کسی سرکاری ادارے میں بھرتی ہو گا وہ کس طرح اپنے فرائض دیانتداری سے انجام دے گا۔جہاں تک ملک کے سیاسی منظرنامے کا تعلق ہے تو سابق اتحادی جماعتوں کے سر کردہ رہنماﺅں کے درمیان تلخی میں روزبروز اضافہ ہو رہا ہے اور انہوں نے ایک دوسرے کے خلاف لفظی گولہ باری تیز کر دی ہے اس وقت جب کہ ملک کی معیشت ڈانواں ڈول ہے اگر ملک میں سیاسی استحکام قائم نہ ہو سکا۔اصلاح احوال کا کام متاثر ہو سکتا ہے‘رونالڈو فٹبال کی دنیا کا بے تاج بادشاہ ہے،خطیر دولت رکھتا ہے پر ساتھ ہی فلاحی کاموں میں بھی دلچسپی رکھتا ہے ۔ اس کا مراکش میں اپنا ایک 4 سٹار ہوٹل بھی ہے جو جدید ترین رہائشی سہولیات سے مزین ہے اگلے روز اس نے اسے مراکش میں حالیہ زلزلے متاثرین کے لئے کھول دیا ہے۔ ہمار ے ہاں بھی اگر مخیر حضرات جن کی مختلف بنکوں میں جمع دولت میں ہر سال کروڑوں روپے کا خود بخود اضافہ ہو رہا ہے اگر وطن عزیز میں غریب بچوں کی تعلیم اور لاچار مساکین کے علاج کیلئے اپنے طور تعلیمی ادارے اور مراکز قائم کریں تو یہ جو آج غربت کے باعث بہت سارے لوگوں کی زندگی مشکل میں پڑ گئی ہے ، ان کی زندگی آسان ہوجاتی ‘قصہ کوتاہ رونالڈو نے ایک قابل تقلید مثال قائم کی ہے ۔اب کوئی تذکرہ عالمی منظرنامے کا ہو جائے جہاں پر امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک چین کا راستہ روکنے کے لئے ہر ممکن کوشش میں مصروف ہیں اور حال ہی میں امریکہ نے بھارت کے ساتھ مل کر جو بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹیو کا راستہ روکنے کے لئے جو منصوبہ تیار کیا ہے اس کا مقصد یقینا چین کے ساتھ ساتھ پاکستان کو بھی متاثر کرنا ہے کیونکہ سی پیک اسی منصوبے کا حصہ ہے۔