لیبیا میں سیلاب کے بعد بدترین تباہی، 11ہزار 300 افراد ہلاک، 10ہزا رسے زائد لاپتا

لیبیا کے شہر درنا میں بحیرہ روم سے آنے والے سمندری طوفان کے نتیجے میں سیلاب کے بعد بد ترین تباہی جاری ہے، مرنے والے افراد کی تعداد 11 ہزار 300 ہوگئی جبکہ 10 ہزار سے زائد افراد لاپتا ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لیبیا میں حالیہ سیلاب کے باعث ہلاک افراد کی تعداد 11 ہزار 300 ہوگئی ہے ،3 ہزار لاشوں کی اجتماعی قبروں میں تدفین کی گئی ہے۔

اقوام متحدہ کی جانب سے لیبیا میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے 71 ملین ڈالر ہنگامی امداد کی اپیل کی گئی ہے۔

عالمی موسمیاتی تنظیم کا کہنا ہے کہ لیبیا میں محکمہ موسمیات فعال ہوتا تو اتنی بڑی تباہی سے بچا جا سکتا تھا۔

اس کے علاوہ لیبیا کی پارلیمنٹ نے سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے تقریباً 2 ارب ڈالر کا ہنگامی بجٹ بھی منظور کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ درنا شہر کے میئر نے خدشہ ظاہر کیاتھا کہ لیبیا میں سیلاب سے اموات 20 ہزار تک ہوسکتی ہیں۔

سمندری طوفان کے باعث لیبیا کے شمال مشرقی ساحلی علاقوں میں کرفیو نافذ کردیا گیا تھا اور ساتھ ہی تعلیمی اداروں میں سرگرمیاں غیر معینہ مدت کے لیے معطل کردی گئی تھیں۔