دبئی : متحدہ عرب امارات کی قومی فضائی کمپنی ایمریٹس نے اپنے مسافروں کیلئے ایک بڑی سہولت کا اعلان کیا ہے جس کے تحت انہیں دوران سفر پسند کا کھانا فراہم کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ایمریٹس ایئر لائن کی جانب سے یورپ اور دیگر ممالک کی پروازوں میں کھانے کے لیے پری آرڈر سروس کی سہولت میں توسیع کا اعلان کیا گیا ہے۔
عرب ذرائع ابلاغ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل ایئرلائن کی جانب سے تجرباتی طور پر یہ سروس برطانیہ کی پروازوں میں شروع کی گئی تھی۔
مسافروں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملنے کے بعد اس میں توسیع کرتے ہوئے دیگر ممالک کے لیے بھی جاری کیا جا رہا ہے۔
ترجمان ایمریٹس ایئر کا کہنا ہے کہ نئی سروس کو اب وارسا، وینس، روم، بولوگنا، پراگ، ویانا، ماسکو، استنبول، ڈبلن، ہیمبرگ، سینٹ پیٹرزبرگ، برسلز، میڈرڈ اورماریشس کے لیے بھی شروع کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پری آرڈر سروس بزنس کلاس کے مسافروں کو فراہم کی جائے گی جو اپنی پرواز سے 14 دن یا 24 گھنٹے قبل بھی پیشگی مین کورس کا انتخاب کرسکتے ہیں جو انہیں پرواز میں فراہم کی جائے گی۔