ایران اور امریکا کے درمیان قیدیوں کا تاریخی تبادلہ

ایران اور امریکا کے درمیان قیدیوں کا تاریخی تبادلہ آج ہورہا ہے ،پانچ امریکی قیدیوں کو لینے کے لیے قطر کا طیارہ ایران پہنچ چکا ہے۔

 ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق واشنگٹن اور تہران کے درمیان ایک دوسرے کے پانچ قیدیوں کے تبادلے پر آج عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ترجمان نے  دعویٰ کیا کہ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کی شرط کی  روشنی میں جنوبی کوریا کو فروخت کردہ تیل کی قیمت کی مد میں تہران کے منجمد فنڈز تک ایران کو رسائی دے دی گئی اور وہ ایران کو مل چکے ہیں ۔

واضح رہے کہ امریکی اور ایرانی قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ قطر کی نگرانی میں دس اگست کو طے پایا تھا جس کے تحت ناصر کنعانی کے بہ قول تہران کو امریکی ایما پر منجمد کیے جانے والے چھ ارب ڈالر مالیت کے اثاثوں تک دوبارہ رسائی ملی ۔اس سے قبل تہران میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ناصر کنعانی نے بتایا تھا کہ قیدیوں کا تبادلہ ایک ہی وقت میں روبعمل لایا جائے گا۔  سبھی امریکی قیدی اچھی صحت میں ہیں۔دوسری جانب ایرانی بنک کی طرف سے تصدیق کی گئی ہے کہ پیسے ان کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوچکے ہیں ۔