پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے کیس میں جواب جمع نہ کرانے پرخیبرپختونخوا حکومت پر4لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔
خیبرپختونخوا حکومت کو کیس میں جواب جمع نہ کرانا مہنگا پڑ گیا، صوبے کی نگران حکومت نے آتے ہی ایڈووکیٹ جنرل سمیت 20 سے زائد ایڈیشنل اور اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرلز کو عہدے سے ہٹا کر نئے لا آفیسر کو تعینات کیا تھا جس کیخلاف پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔
درخواست پر لارجر بنچ میں شامل جسٹس عتیق شاہ، جسٹس شکیل اور جسٹس وقار نے سماعت کی۔عدالت کی طلبی کے باوجود کیس میں وزیراعلیٰ، چیف سیکرٹری، سیکرٹری قانون اور ایڈووکیٹ جنرل کی جانب سے جواب جمع نہیں کیا گیا۔
عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ، چیف سیکرٹری، سیکرٹری قانون اور ایڈووکیٹ جنرل پر ایک،ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرکے آئندہ سماعت پر جواب بھی طلب کرلیا۔