مالی مشکلات کی شکار قومی فضائی ائیر لائن ’پی آئی اے‘ کی نجکاری کیلئے واضح ٹائم لائن یعنی طریقہ کار اور وقت کے تعین پر اتفاق کر لیا گیا۔
نگران وفاقی وزیر برائے نجکاری فواد حسن فواد کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں دیگر متعلقہ حکام کے علاوہ پی آئی اے کی سینیئر مینجمنٹ، قانونی اور معاشی ٹیم کے عہدیدار بھی شامل تھے۔
تاہم اجلاس کے بعد جاری مختصر اعلامیے میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ ٹائم لائن کیا ہوگی۔
اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا کہ پی آئی اے کی نج کاری سے متعلق ’عملے کے حوالے سے واضح ٹائم لائنز پر اتفاق کیا گیا تاکہ وزیراعظم اور کابینہ کی طرف سے مقرر کردہ ہدف کو پورا کیا جا سکے۔‘
پی آئی اے کا شمار ملک کے ان قومی اداروں میں ہوتا ہے جو سالہا سال سے خسارے کا شکار ہیں اور ماضی میں بھی اس کی نجکاری کے لیے کوششیں کی گئیں لیکن ادارے کے ملازمین کے شدید احتجاج اور سیاسی جماعتوں کے درمیان اس معاملے پر اتفاق رائے نہ ہونے کے سبب اس سے قبل کی جانے والی کوششوں کو کامیابی نہ مل سکی۔
تاہم اس مرتبہ پی آئی اے سمیت بعض دیگر سرکاری اداروں کی نجکاری کا فیصلہ نگران حکومت کی طرف سے کیا گیا اور یہ بھی کہا گیا کہ ایسا کرنا اس کی ترجحیات میں شامل ہے۔
رواں ماہ 14 ستمبر کو نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پی آئی اے سے متعلق ایک اجلاس میں متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قومی ایئر لائن کی نجکاری کے عمل کو تیز کیا جائے۔