فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کارپوریشن (فیسکو) نے بجلی چوری اور نادہندگان کے خلاف گھیرا تنگ کرنےکا اعلان کرتے ہوئے انہیں بلیک لسٹ کرانےکا فیصلہ کیا ہے۔
چیف ایگزیکٹو فیسکو بشیر احمد کاکہنا ہےکہ حکومت کی مدد سے بجلی نادہندگان اور چوروں کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ منسوخ کرائیں گے۔
فیسکو چیف کا کہنا تھا کہ فیسکو ریجن میں 472 ہاؤسنگ کالونیاں غیر قانونی بجلی کنکشن استعمال کر رہی ہیں، ٹیموں سے مزاحمت اور فائرنگ پر بجلی چوروں پر دہشت گردی کا مقدمہ درج ہوگا۔
دوسری جانب رپورٹ کے مطابق فیصل آباد ریجن کے آٹھوں اضلاع میں 50 سے زائد سرکاری ادارے ایک ارب 52 کروڑ روپے سے زائد کے فیسکو کے نادہندہ ہیں۔
واسا فیصل آبادکے ذمے ایک ارب 39 کروڑ روپے واجب الادا ہیں جب کہ فیسکو کے اپنے دفاتر بھی 14لاکھ سے زائد کے نادہندہ ہیں۔
پنجاب پولیس دو کروڑ 10 لاکھ اور جیل خانہ جات ایک کروڑ 85 لاکھ روپے کے نادہندہ ہیں۔
ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ایک کروڑ روپے سے زائد، ٹی ایم اے چنیوٹ ایک کروڑ 59 لاکھ روپے کی نادہندہ ہے۔
ریلوے 68 لاکھ 43 ہزار جب کہ ریونیو ڈیپارٹمنٹ نے بھی 68 لاکھ 22 ہزار روپے کے بل نہیں دیے ۔
عدلیہ 30 لاکھ 39 ہزار، ایف آئی اے 19 لاکھ 41 ہزار روپے کی نادہندہ ہے، ضلعی حکومت جھنگ نے ایک کروڑ 35 لاکھ روپے کے بجلی بلز ادا نہیں کیے۔