اسلام آباد:نگراں وفاقی وزیر توانائی محمد علی نے کہا ہے کہ گیس کی قیمتوں پر نظرثانی کر رہے ہیں،رد و بدل کا جلد اعلان کریں گے، آئی ایم ایف پروگرام کی وجہ سے بجلی قیمتوں میں سبسڈی ممکن نہیں، اب تک 6ارب روپے کی بجلی چوری روک چکے ہیں۔
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے خطاب کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر توانائی محمد علی نے کہا کہ گیس قیمتوں کا مسئلہ جلد حل ہو جائے گا،قیمتوں پر نظرثانی کر رہے ہیں، رد و بدل کا جلد اعلان کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گھریلو صارفین پر کچھ فرق پڑے گا، جنوب میں گیس کی قیمت نہیں بڑھائیں گے، شمالی پاکستان میں گیس کی قیمت بڑھانی پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ کوشش کررہے ہیں کہ کمزور طبقے پر بوجھ نہ پڑے، یہ کوشش بھی ہے کہ گیس کی قلت پیدا نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو گیس سپلائی دینے کے لئے کام کر رہے ہیں، ایل این جی کیلئے ہمارے پاس صرف دو ٹرمینل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کی وجہ سے ہم پر کچھ پابندیاں ہیں، یہ آئی ایم ایف پروگرام کا حصہ ہے، بجلی کی قیمتوں میں سبسڈی ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مانتا ہوں بجلی کی قیمت بہت زیادہ ہے، نگران حکومت راتوں رات بجلی کی قیمت کم نہیں کر سکتی۔
انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کیخلاف سخت اقدامات کررہے ہیں، ہم نہیں چاہتے کوئی بجلی چوری کرے اور بوجھ غریب پر ڈالا جائے، اب تک 6ارب روپے کی بجلی چوری کو روکا جاچکا ہے۔