صارفین کو کچھ ریلیف ملنا شروع، چینی اور آٹے کی قیمتوں میں کمی

چینی کے ذخیرہ اندوزوں اور سٹہ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن سے کچھ ریلیف ملنا شروع ہو گیا جبکہ درآمدی گندم سے لدے تین جہازوں کی آمد سے آٹے کی قیمتوں میں بھی کمی آئی ہے۔

مطابق بلغاریہ سے 37 ہزار ٹن گندم کے جہاز سے ایک یا 2 دن میں اناج اتارنا شروع کر دیا جائے گا، اسی طرح 55 ہزار ٹن اور 53 ہزار 602 ٹن روسی گندم لے کر 2 مزید جہاز بندرگاہ پر لنگر انداز ہو چکے ہیں۔

سیریل ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین مزمل چیپل نے بتایا کہ درآمدی گندم کی اوسط قیمت 101 سے 102 روپے فی کلو ہے، یقینی طور پر اس سے پریشان صارفین کو ریلیف ملے گا۔

اب تک پرائیویٹ سیکٹر کنسورشیم نے 7 لاکھ ٹن گندم درآمد کے لیے ایک معاہدے کو حتمی شکل دی ہے، اور امید ہے کہ اسٹیک ہولڈرز ایسے وقت میں لیٹر آف کریڈٹ (ایل سیز) کھولیں گے جب روپے کے مقابلے میں ڈالر کمزور ہو رہا ہے، جس سے درآمدی اشیا کی لاگت میں تنزلی ہو رہی ہے۔

مزمل چیپل نے کہا کہ گندم کی بڑھتی درآمد کے سبب مارکیٹ مافیاز پر دباؤ بڑھے گا اور اس سے اجناس کی ذخیرہ اندوزی کی روک تھام ہو سکے گی۔

دریں اثنا، فائن اور ڈھائی نمبر آٹے کی خوردہ قیمت گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 10 روپے فی کلو کم ہو چکی ہے، دکانداروں نے بتایا کہ فائن آٹا 160 روپے فی کلو اور ڈھائی نمبر آٹا 150 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے، تاہم چکی کے آٹے کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں دیکھی گئی۔

پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن (پی ایف ایم اے) کے چیئرمین عامر عبداللہ نے کہا کہ درآمدی گندم کی آمد سے اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 120 سے 123 روپے فی کلو سے کم ہو کر 118 روپے پر آ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ درآمدی گندم آنے کے بعد بہت سے خوردہ فروش قیمتوں میں کمی کر رہے ہیں تاکہ ان کے پاس موجود آٹے کے ذخیرے کو ختم کر سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ابھی تک قیمت کم نہیں کی ہے اور ڈھائی نمبر آٹا اور فائن آٹا 136 سے 137 روپے فی کلو میں فروخت کر رہے ہیں۔

چینی کی قیمتوں میں کمی
ہول سیلر / امپورٹر فیصل انیس مجید نے بتایا کہ جاری کریک ڈاؤن کے نتیجے میں چینی کی تھوک قیمت کم ہو کر 145 روپے فی کلو تک آ گئی ہے، جس کی قیمت 10 دن قبل 185 روپے تھی۔

تاہم، خوردہ مارکیٹ میں قیمتیں تھوک کی قیمتوں کے حساب سے کم نہیں ہو رہیں، اور 180 سے 190 روپے فی کلو تک پہنچنے کے بعد اب بھی 160 سے 170 روپے فی کلو کے درمیان فروخت کی جارہی ہے۔