اسلام آباد: ملک میں بجلی کا مہنگا ترین پیداواری ٹیرف منظور ہونے کا امکان، کوٹ ادو پاور کمپنی (کیپکو ) نے بلندترین پیداواری ٹیرف کیلیے نیپرا کو درخواست دے دی۔
کیپکو نے نیپرا میں 77 روپے 31 پیسے فی یونٹ تک ٹیرف کی درخواست جمع کرادی ہے جبکہ نیپرا نے پاور کمپنی کو ٹیرف کے لیے 17 سوالات بھیج دیے ہیں۔
نیپرا کیپکو کی درخواست پر 3 اکتوبر کو سماعت کرے گی، کیپکو نے 28 روپے 80 سے 77 روپے 31 پیسے فی یونٹ تک ٹیرف کی درخواست کی ہے۔
کیپکو 228 میگاواٹ تا 347 میگاواٹ تک کی کیپسٹی پیمنٹ لیتی ہے، پیداواری ٹیرف میں 5 روپے 37 پیسے تک فی یونٹ کیپسٹی پیمنٹ شامل ہے۔
کیپکو 1996 کے پاور پالیسی کے تحت قائم ہوئی تھی، 1345 میگاواٹ کی کوٹ ادو پاور کمپنی کا لائسنس 2021 میں ختم ہوگیا تھا جسے توسیع دی گئی جبکہ قانون کے مطابق لائسنس ختم ہونے پر پاور کمپنی کو بند کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ کوٹ ادو پاور کمپنی گیس ، فرنس آئل، ڈیزل اور ایل این جی سے بجلی پیدا کرتی ہے۔