بے نامی داروں کے مکمل خاتمے کے لیے ایف بی آر کا بڑا فیصلہ

اسلام آباد: خانساموں، چوکیداروں اور مالیوں کے نام پر کمپنی بنانے والے بے نامی دار اب ایف بی آر کی گرفت میں ہوں گے، تمام ایسوسی ایشن آف پرسنز اور سنگل اونر کمپنیز میں چھپے بے نامی دار ظاہر کرنا ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے بے نامی داروں کے خلاف ایکشن کا بڑا فیصلہ کر لیا ہے اور ایسوسی ایشن آف پرسنز کے بورڈ میں بے نامی داروں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس میں ایسوسی ایشن آف پرسنز کے تمام ڈائریکٹرز کی تمام تفصیلات دینا ہوں گی، ایف بی آر نے سیکشن 83 بی، 83 سی، 83 ڈی اور 83 ای میں ترامیم کر دیں۔

ایسوسی ایشن آف پرسنز تمام بورڈ آف ڈائریکٹرز کے گزشتہ 10 سال کا مکمل ریکارڈ رکھنے کے پابند ہوں گی، ایسوسی ایشن آف پرسنز تمام بورڈ آف ڈائریکٹرز کے نام، ولدیت اور شناختی کارڈ دینے کے پابند کر دیے گئے ہیں۔ اے او پیز تمام بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تاریخ پیدائش اور شہریت سے متعلق معلومات دینے کے بھی پابند ہوں گی۔

اے او پیز تمام بورڈ آف ڈائریکٹرز کی رہائشی اور دفاتر کے پتے ظاہر کرنے کے پابند ہوں گے۔ اے او پیز تمام بورڈ آف ڈائریکٹرز کی کمپنی میں شیئرز کی ملکیت کی شرح سے آگاہ کرنے کے پابند قرار دیے گئے ہیں۔ اے او پیز تمام سمندر پار بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تفصیلات بھی دینا ہوں گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اے او پیز کو ظاہر کرنا ہوگا کہ تمام بورڈ آف ڈائریکٹرز کے فیصلوں میں کتنا کنٹرول رکھتے ہیں۔ ایسوسی ایشن آف پرسنز میں اگر بورڈ آف ڈائریکٹرز رشتہ دار ہیں تو اس کی تفصیلات بھی دینا ہوں گی۔