پشاور سے پانچ لاکھ ڈالرز تاوان کیلیے اغوا کیا گیا تاجر بازیاب

پشاور ، نوشہرہ اور مردان کی پولیس نے مشترکہ کاروائی میں پانچ لاکھ ڈالرز تاوان کیلیے اغوا کیے گئے تاجر کو بازیاب کروا کے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق تاجر حاجی اکرام کو پشاور کے علاقے صدر سے نامعلوم افراد اغوا کر کے لے گئے تھے جس کے بعد انہوں نے اہل خانہ سے رہائی کے عوض پانچ لاکھ ڈالرز تاوان کا مطالبہ کیا۔

اہل خانہ نے حاجی اکرام کے اغوا کے حوالے سے پولیس کو آگاہ کیا اور تاوان کے لئے جس نمبر سے فون کیا گیا وہ بھی پولیس کو فراہم کیا۔

پشاور پولیس نے تفتیش کا سلسللہ جاری رکھا۔

سی سی پی او پشاور کے مطابق پولیس نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر نوشہرہ میں مشترکہ کاروائی کر کے تاجر کو بازیاب کروایا۔

اس کاروائی میں نوشہرہ اور مردان کی پولیس نے بھی حصہ لیا، جس کے نتیجے میں دو اغوا کاروں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔