انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 31 اکتوبر تک توسیع

 فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 31 اکتوبر تک توسیع کردی۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تاجر تنظیموں اور ٹیکس بار ایسوسی ایشنز کے مطالبے پر تاریخ میں توسیع کی گئی۔ اب ٹیکس دہندگان بغیر کسی جرمانے و اضافی چارجز کے اپنے انکم ٹیکس گوشوارے 31 اکتوبر تک جمع کراسکیں گے۔

ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں مزید کسی قسم کی توسیع نہیں کی جائے گی لہذا ٹیکس دہندگان اس مقررہ تاریخ تک اپنے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرادیں۔

واضح رہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو 30 ستمبر کی رات تک مجموعی طور پر اٹھارہ لاکھ نوے ہزار انکم ٹیکس گوشوارے موصول ہوئے تھے جو پچھلے سال ستمبر میں موصول ہونیوالے اٹھارہ لاکھ پچھتر ہزار انکم ٹیکس گوشواروں سے تو محض پندرہ ہزار زیادہ تھے لیکن گزشتہ سال موصول ہونیوالے مجموعی طور پر 42 لاکھ کے لگ بھگ گوشواروں سے بہت کم ہیں۔

ٹیکس گوشواروں میں کمی کے باعث ایف بی آر نے ہفتہ کی شام انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی سمری نگران وزیر خزانہ کو بھجوائی تھی۔

ایف بی آر حکام کا کہنا تھا کہ تاجر تنظیموں اور ٹیکس بار ایسوسی ایشنز کے مطالبے پر تاریخ میں توسیع کی سمری بھجوائی گئی تھی جس کی منظوری کے بعد فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کردی اور سرکلر میں بھی بتایا گیا ہے کہ تاجر تنظیموں اور ٹیکس بار ایسوسی ایشنز کی جانب سے تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔