بیمہ انڈسٹری کے اثاثوں میں 14۔5 فیصد کا غیرمعمولی اضافہ

بیمہ انڈسٹری کے مجموعی اثاثوں کا حجم 14.5 فیصد اضافے سے 2 ہزار 421 ارب روپے تک پہنچ گیا۔ ایس ای سی پی کے مطابق انشورنس کمپنیز کے صارفین کو کلیمز کی ادائیگی میں بھی 26 فیصد اضافہ ہوگیا۔

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشنآف پاکستان (ایس ای سی پی) نے انشورنس انڈسٹری کے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کردیئے، بیمہ انڈسٹری کے مجموعی اثاثوں کا حجم 14.5 فیصد اضافے سے 2 ہزار 114 ارب سے بڑھ کر 2 ہزار 421 ارب روپے ہوگیا۔

رپورٹ کے مطابق انڈسٹری کا مجموعی پریمیئم 28 فیصد اضافے سے 553 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو سال 2021 میں 432 ارب روپے تھا۔

ایس ای سی پی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انشورنس کمپنیز کے صارفین کو کلیمز کی ادائیگی میں بھی 26 فیصد اضافہ ہوا، سال 2021ء میں  مجموعی طور پر 218 ارب روپے کے کلیمز ادا کئے گئے جبکہ اس سال ادا کئے گئے انشورنس کلیمز کا حجم 276  ارب روپے ہے۔

رپورٹ کے مطابق 2022ء میں لائف انشورنس کا بیمہ سیکٹر کے مجموعی پریمیئم کا 68 فیصد رہا، نان لائف سیکٹر کا حصہ 32 فیصد  ہے۔

ایس ای سی پی نے اپنی رپورٹ میں ڈیٹا اور اسٹیٹسٹک انڈسٹری کی مالیاتی کارکردگی کا جامع جائزہ بھی پیش کیا ہے۔ جس میں بتایا گیا ہے کہ یہ انتہائی اہم اور متنوع اعداد و شمار سال 2022ء کے ڈیٹا پر مشتمل ہیں۔