افغان ٹرانزٹ ٹریڈ سے درآمد اشیاء پر پروسیسنگ فیس عائد

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت درآمد ہونے والی 5 اشیاء پر 10 فیصد پروسیسنگ فیس عائد کردی، جس پر اطلاق فوری ہوگا۔

نگراں حکومت کا اسمگلنگ کے خلاف بڑا اقدام سامنے آیا ہے، ایف بی آر نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت درآمد ہونے والی 5 اشیاء پر 10 فیصد پروسیسنگ فیس عائد کردی۔

جس کے بعد پاکستان کسٹمز نے ایس آر نمبر 1380 جاری کردیا، جس پر اطلاق فوری ہوگا۔

ایس آر او کے مطابق افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت چاکلیٹ اور ٹافیوں کی 10 ٹیرف لائنز کی درآمد پر پروسسنگ فیس عائد کی گئی ہے۔

جوتوں کی 21 ٹیرف لائنز پر پروسیسنگ فیس، چیپٹر 84 اور 85 کی تمام مشینری ماسوائے مکمل ہوم اپلائنسز پر پروسیسنگ فیس، کمبل اور ہوم ٹیکسٹائل کی 10 ٹیرف لائنز پر بھی پروسیسنگ فیس جبکہ ملبوسات کی 33 ٹیرف لائنز پرپروسیسنگ فیس عائد کی گئی ہے۔

ایس آر او کا کہنا ہے کہ 2 اکتوبر سے پہلے داخل شدہ جی ڈیز کو پروسیسنگ فیس سے استثنیٰ ہوگا۔

ذرائع وزارت تجارت کے مطابق اس حکومتی اقدامات کا مقصد اسمگلنگ روکنا اور مقامی صنعت کی بحالی ہے۔