واشنگٹن : امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا ہے کہ امریکی بیڑہ حماس کیخلاف نہیں اسرائیل کی حفاظت کیلئے بھیجا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے اسرائیل اور حماس کشیدگی کے حوالے سے کہا کہ امریکی بیڑہ خطے میں دوسرے کرداروں، دیگر ریاستوں اورغیرریاستی عناصر کو پیغام کیلئے بھیجا گیا ہے۔۔
جیک سلیوان کا کہنا تھا کہ امریکی بیڑہ حماس کیخلاف نہیں اسرائیل کی حفاظت کیلئے بھیجا گیا ہے ، بائیڈن نے ہمیں کسی بھی منظرنامے کیلئے تیاری کاحکم دیا ہے۔
امریکی قومی سلامتی کے مشیر نے ایک مرتبہ پھر ایران پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ شروع سےکہہ رہےہیں ایران حماس کےحملےمیں شریک ہے، حماس کے عسکری ونگ کے لیے فنڈنگ ایران فراہم کرتاہے، تصدیق نہیں کرسکتا ایران کو حماس کے حملے کا علم تھا یا نہیں۔
یاد رہے امریکا نے فلسطینی تنظیم حماس سے نمٹنے کیلئے اپنا جنگی بحری بیڑہ اسرائیل کے نزدیک بھیجنے کا اعلان کیا تھا، اس حوالے سے امریکی وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا تھا کہ امریکا اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کرے گا کہ اسرائیل کے پاس اپنے دفاع کے لیے جو ضرورت ہے وہ موجود ہو۔