شمالی اور جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی جھڑپیں،2 دہشت گرد ہلاک، 2سپاہی شہید : ممکنہ دہشت گردوں کی تلاش کے لئے آپریشن جاری

سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شمالی اور جنوبی وزیرستان میں دو مختلف جھڑپیں ہوئیں، جس میں دو دہشت گرد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا جبکہ دو سپاہیوں نے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پہلا واقعہ جنوبی وزیرستان میں عثمان منزہ میں پیش آیا، جہاں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

اس دوران کوٹلی آزاد کشمیر کا رہائشی 31 سالہ سپاہی ساجد اعظم بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگیا۔

دوسرے واقعے میں شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ جس میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔

دہشت گردوں سے جھڑپ کے دوران کرک کا رہائشی 27 سالہ سپاہی وارث خان وطن پر قربان ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں باقی ماندہ ممکنہ دہشت گردوں کی تلاش کے لئے آپریشن جاری ہے۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز وطن عزیز سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمہ کے لئے پرعزم ہیں۔ ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارےعزم کو اور پختہ کرتی ہیں۔