پولیو وائرس ملک بھر کی سیوریج لائنز میں پھیل گیا : سب سے زیادہ پشاور کے چار نمونوں سے پولیو پازیٹو نکلے

حکومتی غفلت کے باعث مہلک مرض پولیو کا وائرس ملک بھر کی سیوریج لائنز میں پھیل گیا اور ایک ماہ میں دوسری بار چاروں صوبوں کی سیوریج پولیو پازیٹو نکلی۔

قومی ادارہ صحت کے ذرائع کے مطابق حال ہی میں ملک کے چاروں صوبوں کے سات شہروں کے ریکارڈ ماحولیاتی نمونوں زندگی بھر کے لیے معذور بنا دینے والے موذی مرض پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہو گئی ہے جس کے بعد رواں برس پولیو پازیٹو سیوریج سیمپلز کی مجموعی تعداد 54 ہوگئی ہے۔

جن شہروں کی سیوریج میں پولیو وائرس سے آلودہ نکلا ہے اس میں پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی، پنجاب کا دارالخلافہ لاہور کے علاوہ کے پی اور بلوچستان کے دارالحکومت پشاور، کوئٹہ سمیت پشین، چمن اور بنوں بھی شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ سات شہروں کے سیوریج میں وائلڈ پولیو وائرس ون کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان شہریوں کی سیوریج سے پولیو ٹیسٹ کے لیے سمپلنگ 2 سے 5 اکتوبر تک کئ گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق سب سے زیادہ پشاور کے چار نمونوں سے پولیو پازیٹو نکلے۔ پشاور کے علاقوں حیات آباد، یوسف آباد، تاج آباد اور نرے خوڑ کا سیوریج پولیو پازیٹو نکلا اور چاروں سیمپلز میں پولیو وائرس کا جینیاتی تعلق لاہور سے ہے۔