افغان فنکار پاکستان چھوڑنے کے حکم کیخلاف پشاور ہائی کورٹ پہنچ گئے : افغان فنکاروں نے حکومت، وزارت داخلہ، نادرا، ڈی جی امیگریشن اور ایف آئی اے کو فریق بناتے ہوئے درخواست دائر کردی

غیر قانونی طورپر مقیم غیرملکیوں کو پاکستان چھوڑنے کیلئے 31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن کے خلاف افغان فنکاروں نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

افغان فنکاروں نے اپنے وطن واپس نہ بھیجنے کیلئے رٹ دائر کردی۔

درخواست میں وفاقی حکومت، وزارت داخلہ، نادرا، ڈی جی امیگریشن اور ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔

دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ یو این ایچ سی آر کے ساتھ ٹوکن کے ذریعے رجسٹرڈ ہیں۔ یواین ٹریٹی کے مطابق مہاجرین کو زبردستی نہیں نکالاجاسکتا،رضاکارانہ طورپرمہاجر واپس جاسکتا ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ افغان طالبان کی جانب سے موسیقی پر پابندی ہےاس لیےافغانستان میں اپنے فن کو جاری نہیں رکھ سکتے۔

افغان فنکاروں نے موقف اختیار کیا ہے کہ یواین ٹریٹی کے باوجود افغان مہاجرین کو ہراساں کیا جارہاہے۔پشاور ہائیکورٹ سے استدعا ہے کہ افغان مہاجرین کی زبردستی واپسی کو روکا جائے۔