پشاور ہائیکورٹ نے قانونی مقیم غیرملکیوں کو تنگ کرنے کی درخواست نمٹا دی

پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان میں قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو تنگ کرنے کے حوالے سے دائر درخواست کو نمٹا دیا۔

تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد ابراہیم خان کی سربراہی میں جسٹس وقار احمد پر مشتمل دو رکنی بینچ نے پاکستان میں قانونی دستاویزات رکھنے والے افغان شہریوں کے حوالے سے دائر درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار کے وکیل سیف اللہ محب کاکا خیل ایڈوکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کیا کہ جن افغان شہریوں کے پاس قانونی دستاویزات، پی او سی کارڈ ہوں گے ان کو کچھ نہیں کہا جائے گا۔  نوٹیفکیشن کے باوجود قانونی دستاویزات رکھنے والے افعان شہریوں کو تنگ کیا جارہا ہے۔


چیف جسٹس نے کہا کہ حکومت نے تو فیصلہ کیا ہے کہ جو غیر قانونی ہے وہ اپنے ملک جائیں گے جبکہ جسٹس وقار احمد نے کہا کہ جن کے پاس قانونی دستاویزات ہیں انہیں کچھ نہیں کہا جائے گا، اس معاملے کو کیس ٹو کیس دیکھنا ہوگا کیونکہ اگر قانونی دستاویزات رکھنے والوں کو متاثر کیا گیا تو معاملے کو ضرور عدالت دیکھے گی۔

عدالت نے کہا کہ حکومت نے کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائی ہوگی، حکومتی نوٹیفکیشن کی روشنی میں اس کیس کو نمٹا دیتے ہیں۔