ٹریفک قواعد کا سختی سے اطلاق 

غیرقانونی طور پر پاکستان میں رہائش پذیر افغانیوں کے 31اکتوبر تک پاکستان چھوڑنے کیلئے اب تک حکومت نے اپنے فیصلے پر یکسوئی کا جو مظاہرہ کیا ہے وہ قابل تعریف ہے اس ضمن میں مہاجرین واپسی ڈیڈ لائن میں توسیع نہ کرنے کا اعلان اور کسی سفارتکاری کو قبول نہ کرنے کا فیصلہ قابل ستائش ہے ۔یہ امر افسوسناک ہے کہ سٹیٹ لائف کو تا دم تحریر 2ارب جاری نہیں ہو سکے جس سے خیبر پختونخوا میں صحت کارڈپر علاج معطل ہے‘ صحت کارڈ کا پروگرام اس ملک کے غریب عوام کے واسطے اتنا ہی فائدہ مند ثابت ہواہے جتنا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ‘اور ان دو نوں پراجیکٹس کو بہر صورت جاری رکھنے کی اشد ضرورت ہے ۔اگلے روزایمرٹس ائر لائنزکی 38ویں سالگرہ کے موقع پر اگر ایک طرف اس برادر ملک کی ائر لائنز کی ترقی کی خبر پڑھ کر ہمیں خوشی ہوئی تو دوسری جانب اپنی قومی ائر لائنز کی زبوں حالی پر دکھ بھی ہوا کہ جو اپنی آخری سانسوں پر ہے ‘کتنے افسوس کی بات ہے کہ یہ پی آئی اے ہی تھی کہ جس نے مشرق وسطیٰ کی کئی ائر لائنز بشمول ایمرٹس ائر لائنزکی تشکیل اور ان کے عملے کی تربیت میں کلیدی کردار ادا کیا اور اس کے ہاتھوں تربیت یافتہ ائر لائنز کا شمار تو آج دنیا کی چند بہترین ائر لائنز میں ہوتاہے جب کہ پی آئی اے زوال پذیر ہوئی ہے اور اس کی نجکاری کی باتیں بھی ہو رہی ہیں ۔آج بھی سڑکوں پر جوانسال لڑکے ہیلمٹ پہنے بغیر موٹر سائیکلوں پر ریس لگاتے اور اوٹ پٹانگ قسم کی حرکتیں کرتے دکھائی دے رہے ہیں ان میں اکثر کی عمر اٹھارہ سال سے کم ہوتی ہے نہ ان سے ان کے والدین باز پرس کرتے ہیں اور نہ ٹریفک پولیس والے کہ بغیر ہیلمٹ وہ کیوں موٹر سائکل پر جا رہے ہیں اور کیا ان کے پاس ڈرائیونگ لائسنس بھی ہے کہ نہیں ‘اس کا نتیجہ پھر یہ نکلتا ہے کہ ان میں اکثر لڑکوں کے ایکسیڈنٹ ہوتے ہیں اورہیڈ انجری سے اکثر موت کے منہ میں بھی چلے جاتے ہیں ‘خوش قسمتی سے اگر کوئی ان میں بچ بھی جاے تو ہڈی پسلی یا ہاتھ پیر ٹوٹنے سے وہ عمر بھر معذوری کی زندگی گزارتا ہے ‘کسی منچلے نے کیا خوب تجویز پیش کی ہے کہ ٹریفک پولیس کو موٹر سائیکل سواروں کے والدین کو پکڑ کر حوالات میں بند کرنا چاہئے کہ وہ کیوں اپنے بچوں کو بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل استعمال کرنے کی اجازت دیتے ہیں اس ضمن میں اگر قانون سازی کی ضرورت ہے تو وہ فوراً سے پیشتر کی جائے نیز ٹریفک پولیس موجود ٹریفک قوانین کی سختی سے پابندی بھی کرائے ٹریفک حادثات کم ہو سکیں۔