پاکستان کے حیدر علی نے ڈسکس تھرو میں گولڈ میڈل جیت لیا

ہانگزو: پیرا ایشین گیمز میں پاکستان کے حیدر علی نے ڈسکس تھرو میں گولڈ میڈل جیت لیا۔

پیرا ایشین گیمز چین کے شہر ہانگزو میں جاری ہے جہاں ڈسکس تھرو مقابلوں میں پاکستان کے حیدر علی نے 51.53 میٹر ڈسکس پھینک کر گولڈ میڈل جیت لیا۔
اس کے علاوہ جاپان کے شمبو یاموٹو نے چاندی اور چین کے زہانگ ژیولانگ نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا ہے۔

یاد رہے کہ میگا ایونٹ میں پاکستان کا یہ پہلا گولڈ میڈل ہے، 28 اکتوبر تک جاری رینے والی ان گیمز میں پاکستان کے 11 اتھلیٹس شریک ہیں۔

واضح رہے کہ حیدر علی ٹوکیو لمپکس میں پاکستان کیلیے سونے کا تمغہ بھی جیت چکے ہیں جبکہ گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے اتھیلٹ نے ملکی پرچم بلند کرنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

حیدر علی کا بین الاقوامی کریئر 2006 میں شروع ہوا جب انھوں نے ملائیشیا میں ہونے والے مقابلے میں ایک گولڈ میڈل اور دو چاندی کے تمغے جیتے۔