خیبر پختون خوا کے دارالحکومت پشاور کے سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی 11 ہزار 978 اسامیاں خالی ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق اسکیل 12 اور 15 کی خواتین اور مرد اساتذہ کی ااسامیاں خالی ہیں، لڑکوں کے اسکولز میں اسکیل 15 میں سرٹیفکیٹ ٹیچرز کی 1174 اسامیاں خالی ہیں۔
دستاویزات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ لڑکوں کے اسکولز میں اسکیل 15 میں ڈرائنگ ٹیچرز کی 390، فزیکل ایجوکیشن ٹیچرز کی 388، عربی ٹیچرز کی 424، اسکیل 15 کے تھیالوجی ٹیچرز کی302 اسامیاں خالی ہیں۔
دستاویزات کے مطابق اسکیل 12 کی قاری کی 195 اور اسکیل 12 کی سی ٹی آئی ٹی کی 75 اسامیاں خالی ہیں جبکہ پرائمری اسکول میں 4 ہزار 330 اسامیاں مرد اساتذہ کی خالی ہیں۔
پشاور میں مجموعی طور پر مرد اساتذہ کی7 ہزار 275 اسامیاں خالی ہیں۔
اس کے علاوہ گرلز اسکولوں میں مجموعی طور پر 4 ہزار 703 ٹیچرز کی اسامیاں خالی ہیں۔
لڑکیوں کے اسکول میں سی ٹی کی 558، ڈرائنگ ماسٹر کی 272، فزیکل ایجوکیشن ٹیچرز کی 305، عربی ٹیچرز کی 312 اسامیاں خالی ہیں۔
دستاویزات کے مطابق پرائمری اسکول ٹیچرز کی 2 ہزار 957 اسامیاں خالی ہیں۔
مذکورہ انکشافات سامنے آنے پر اس حوالے سے ترجمان محکمۂ تعلیم کا کہنا ہے کہ نئی بھرتیوں پر الیکشن کمیشن نے پابندی عائد کی ہے، یہ پابندی ہٹائی جائے تو اساتذہ بھرتی کریں گے۔