لاہور کی خصوصی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مونس الہی کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرتے ہوئے ان کی جائیداد ضبط کرنے اور بینک اکاؤنٹس بلاک کرنے کا حکم دیے دیا۔
تفصیلات کے مطابق چوہدری پرویز الہی کے بیٹے مونس الہی کے خلاف جاری منی لانڈرنگ کیس میں اسپیشل سینٹرل عدالت لاہور نے ایف آئی اے کے پیش کردہ چالان پر اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کی اور اسپیشل سینٹرل عدالت کے جج تنویر احمد شیخ نے تحریری حکم جاری کردیا۔
عدالت نے تحریری حکم نامے میں مونس الہی کے آٹھ مختلف بنک اکاونٹس بلاک کرنے، چھ مختلف غیر منقولہ جائیدادوں کو منجمد کرنے کا حکم دیا۔ خصوصی عدالت نے ڈائریکٹر ایف آئی اے کو عدالتی احکامات پر عملدرآمد کروا کر رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔
تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے مونس الہی کی جائیدادیں منجمد کرنے کی درخواست کی تھی۔ مونس الہی اگر 30 دنوں میں عدالت پیش نہیں ہوسکتے تو اشتہاری قرار دیا جائے گا۔تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مونس الہی دانستہ طور پر روپوش ہیں، عدالت مطمئن ہے کہ مونس الہی موجودہ عدالتی کاروائی سے بخوبی آگاہ ہیں