نرگس فخری نے شاہد کپور اور رنبیر کے ساتھ ڈیٹنگ کی تردید کردی

اداکارہ و ماڈل نرگس فخری نے اداکار رنبیر کپور اور شاہد کپور کے ساتھ ڈیٹنگ کے افواہوں کی تردید کردی۔ انکا کہنا تھا کہ مجھے تو یہ بات ذہنی دیوالیہ پن لگتی ہے۔ 

44 سالہ نرگس فخری نے 2011 کی امتیاز علی کی رومانوی ڈرامہ فلم ’راک اسٹار‘ سے اپنے ہندی فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا جس پر انہیں فلم فیئر ایوارڈ برائے بیسٹ فیمیل ڈیبیو کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔

حال ہی میں بھارتی میڈیا کے ساتھ ایک انٹرویو میں نرگس فخری نے رنبیر کپور اور شاہد کپور کے ساتھ ڈیٹنگ کی افواہوں کے حوالے سے اپنی خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ یہ بالکل غلط اور بے بنیاد ہے۔

انہوں نے اس پر مایوسی اور غصے کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ مجھے فلم انڈسٹری کے ہر دوسرے شخص کے ساتھ جوڑ دیا جاتا ہے اور یہ سب کچھ مجھے بڑا عجیب اور ذہنی دیوالیہ پن لگتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک وقت تو ایسا بھی تھا جب ایک مضمون میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ میں شاہد کپور کے فلیٹ میں شفٹ ہوگئی ہوں اور میری والدہ شاہد سے ملنے بھی آئیں۔ جس کے بعد لوگ مجھ سے اس حوالے سے سوالات کرتے تھے۔

 واضح رہے کہ نرگس نے راک سٹار کے بعد کئی فلمیں کیں جن میں مدراس کیفے، پھٹا پوسٹر نکلا ہیرو، میں تیرا ہیرو، کک اور ہاؤس فل تھری شامل ہیں۔ 

جبکہ وہ اس سال فروری میں ریلیز ہونے والی فلم شیو شاستری بلبوا میں شامل تھیں جس میں انکے ساتھ انوپم کھیر اور نینا گپتا شامل ہیں۔