ایک حوصلہ افزا بیان

فرحت اللہ بابر پی پی پی کے ایک منجھے ہوئے پرانے لیڈر ہیں وہ بے نظیر بھٹو اور زرداری دونوں کے بہت قریب رہے ہیں‘ان کا اچانک اپنی پارٹی کے سین سے ہٹ جانا یا ہٹا دیا جانا اچھنبے کی بات ہے   ان کو کھو دینا پی پی پی کے لئے  بہتر  نہیں ہو گا وہ ایک سنجیدہ اور بالغ نظر  قسم کے سیاست دان ہیں انگریزی زبان پر ان کو عبور حاصل ہے اور وہ پی پی پی کی قیادت کے ایک لمبے عرصے تک speech writer بھی رہے ہیں‘  اب آتے ہیں دوسرے امور کی طرف نگران وزیر داخلہ کا یہ بیان حوصلہ افزا ہے  کہ دہشت گردوں کا ہر قیمت پر خاتمہ ہوگا اور مذاکرات نہیں ہوں گے اور یہ کہ تمام غیر قانونی تارکین وطن کو نکالا جائے گا اسی قسم کی تسلسل کی پالیسی کی اس وقت حکومت کو سخت  ضرورت ہے کہ جس کا مظاہرہ نگران وزیر داخلہ کر رہے ہیں پاکستان میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر افغانیوں کو اپنے وطن جانے پر مجبور کیا جائے‘ اس ضمن میں نگران وزیر داخلہ نہایت دانشمندانہ کام کر رہے ہیں اس لئے تمام محبان وطن کو ان کا بھرپور ساتھ دینا چاہیے کہ جس کام کا انہوں نے بیڑہ اٹھایا ہے وہ پایہ تکمیل تک ضرور پہنچے اس وقت وزیر داخلہ کو مندرجہ بالا اقدام پر اس ملک کے ہر فرد کی حمایت کی اشد ضرورت ہے‘ قوم یہ امید کرتی ہے کہ وزیر داخلہ فوراً سے پیشتر افغانستان کے اپنے ہم منصب کے ساتھ ون آ ن ون مذاکرات کا سلسلہ شروع کر کے افغانیوں کے لئے پاکستان آنے جانے کے واسطے ایک ٹھوس اور جامع ویزا میکنزم ترتیب دیں گے کہ  جس کے تحت افغانیوں کی پاکستان میں آ مد و رفت میں آسانیاں پیدا ہو جائیں اور صرف وہی افغانی پاشندے پاکستان میں داخل ہو سکیں کہ جن کے پاس ویزا ہو اور پھر ہمارے متعلقہ سرکاری ادارے  اس بات کو یقینی بنائیں کہ  ویزا کی مدت ختم ہونے کے بعد وہ اپنے وطن واپس چلے گئے ہیں یا نہیں اس کے علاہ ڈیورنڈ لائن پر   کڑی نظر رکھنے  کی بھی ضرورت ہو گی تاکہ کوئی افغانی بغیر ویزا کے وطن عزیز میں داخل نہ ہو سکے جس طرح نائن الیون کے بعد امریکہ نے ہوم لینڈ سکیورٹی کا نظام اپنے ہاں نافذ کر کے امریکہ میں غیر ملکیوں کے داخلے کو مشکل بنا دیا تھا بالکل اسی طرح ہمیں بھی اپنے ملک کی بقا کو محفوظ کرنے کے لئے اپنی سرحدات پر فول پروف جامع چیکنگ کے نظام کو وضع کرنا ہوگا خدا لگتی یہ کہ وطن عزیز کا ہر باسی یہ بات کرتا ہے کہ ہم نے اسلامی جذبہ اخوت کے تحت بھی اور حق ہمسائیگی کا خیال کرتے ہوئے بھی حتی الوسع افغانستان کا ہر دور میں بہت خیال رکھا۔۔