پشاور:پاکستان میں متعین امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ یو ایس ایڈ بنیادی صحت، خواتین کی تعلیم اور معاشی بہتری میں بھی تعاون کرے گا۔
انہوں نے یہ بات ڈبلیو ایس ایس پی پشاور آفس کے دورہ کے موقع پر کیا۔ امریکی سفیر نے 44ملین ڈالر سے زائد کی لاگت سے مکمل ہونے والے پروجیکٹ کی تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر دی گئی بریفنگ میں بتایاگیا کہ میونسپل سروسز پروگرام کا یہ منصوبہ 12سال میں مکمل کیا گیا،اس سے 4لاکھ 48ہزار افراد پینے کے پانی کی سہولتوں کی بحالی سے مستفید ہوئے جبکہ سیوریج اور ڈرینج لائنز کی بحالی سے10لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوئے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ میونسپل ویسٹ منیجمنٹ کی بہتری کیلئے 575گاڑیاں بھی فراہم کی گئیں اور ویسٹ منیجمنٹ آلات کی مرمت کیلئے ورکشاپ بھی بنائی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ میونسپل سروسز پروگرام سے پشاور کے 20لاکھ افراد کی زندگی بہتر ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پشاور میں اربن فلڈنگ کے خدشات کو کم کیا گیا۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہاکہ صوبے میں قدرتی اور دیگر آفات سے تباہ حال انفرااسٹرکچر کی بحالی میں تعاون کیا جائے گا۔