سان فرانسسکو: ٹیکنالوجی کمپنی گوگل یکم دسمبر سے اپنے پلیٹ فارم پر کافی عرصے سے غیر فعال اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کرنے جا رہی ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق گوگل نے صارفین سے کہا ہے کہ اگر انہوں نے کافی عرصے سے اپنے غیر فعال گوگل اکاؤنٹ کو لاگ ان نہیں کیا تو وہ اب لاگ ان کرلیں، ورنہ انہیں یکم دسمبر کو ڈیلیٹ کردیا جائے گا۔
قبل ازیں رواں برس مئی میں گوگل کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ 2 سال سے غیر فعال اکاؤنٹس کو دسمبر تک ڈیلیٹ کردیا جائے گا۔
اہم بات یہ ہے کہ جی میل، ڈاکس، ڈرائیو، میٹ، کیلنڈر، یوٹیوب اور فوٹوز کے لیے غیر فعال گوگل اکاؤنٹس پر اس پالیسی کا اطلاق ہوگا۔ اس حوالے سے 30 نومبر تک صارف کے غیر فعال جی میل اکاؤنٹ سمیت ریکوری ای میل اکاؤنٹس پر متعدد ای میلز بھیجی جائیں گی۔
اگر پھر بھی صارف کی جانب سے لاگ ان نہیں کیا جاتا تو پھر یکم دسمبر کو اکاؤنٹ ڈیلیٹ کردیا جائے گا اور اس پالیسی کا اطلاق مستقبل میں بھی ہوگا یعنی اگر صارف کوئی اکاؤنٹ 2 سال تک استعمال نہیں کرے گا تو کمپنی کی جانب سے اسے ڈیلیٹ کر دیا جائے گا۔