پشاور:عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ نام نہاد سیاسی جماعت کی جانب سے نام نہاد انٹراپارٹی انتخابات جمہوری نظام کے ساتھ مذاق کے علاوہ کچھ نہیں۔
پہلے بیساکھیوں کے ذریعے اقتدار میں آکر جمہوری نظام کو کمزور کیا گیا اور اب اس عمل کے ذریعے پورے جمہوری نظام کی تضحیک کی گئی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر پی ٹی آئی کی جانب سے انٹرا پارٹی انتخابات پر ردعمل دکھاتے ہوئے اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ انٹرا پارٹی انتخابات میں اشتہاری ملزمان اور مفرور افراد کو عہدے دیے گئے۔ یہاں تک کہ پختونخوا کے 'سلیکٹڈ' صدر نہ صرف مفرور ہے بلکہ کرپشن کے بڑے کیسز میں مطلوب ہے۔
چند افراد کا اکٹھا ہونا اور صبح 11 بجے عہدوں کی تقسیم کس نظام کے تحت انٹراپارٹی انتخابات مانے جائیں گے؟ ان کا مزید کہنا تھا کہ ممبرشپ کہاں ہے؟ ورکرز کی رائے کب لی گئی؟
کاغذات نامزدگی، جانچ پڑتال، اپیلیں اور انتخابی عمل چند منٹوں میں جنات ہی مکمل کرسکتے ہیں۔ اگر سیاسی جماعتوں میں اسی طرح کے نظام کو پروان چڑھانا ہے تو ملک میں خاک جمہوریت مضبوط ہوگی؟