حکومت پاکستان نے کورونا کے حوالے سے تمام سفری پابندیاں ہٹالیں

حکومت پاکستان نے کورونا کے حوالے سے تمام سفری پابندیاں ختم کردیں۔

وزارت صحت کے مطابق حج درخواستوں کے ساتھ کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ جمع کرانے کی ضرورت نہیں۔ حکام کے مطابق مختلف بینک حج درخواستوں کے ساتھ کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ بھی مانگ رہے ہیں، جو اب ضروری نہیں۔

اعلامیے کے مطابق حج پر روانگی سے پہلے سعودی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں نئی ایڈوائزری جاری کریں گے۔ پاکستان میں داخلے کے لیے کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہوگی۔ پاکستان آنے والے افراد کو بھی کورونا منفی ٹیسٹ رپورٹ پیش کرنے کی ضرورت نہیں۔

ترجمان کے مطابق سفری پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ عالمی ادارہ صحت کی گائیڈ لائنز کی روشنی میں کیا گیا۔ پاکستانی ایئرپورٹس اور پوائنٹس آف انٹری پر دو فیصد کورونا ٹیسٹنگ بھی ختم کر دی گئی۔ ایئرپورٹس پر وبائی امراض کے حوالے سے نگرانی جاری رہے گی۔