سوا لاکھ فلسطینی سانس کی بیماری، 86ہزار ہیضہ اور 1200یرقان میں مبتلا 

جینوا:عالمی ادارہ صحت  نے کہا ہے کہ جنگ شروع ہونے سے اب تک سوا لاکھ فلسطینی سانس کی بیماری، 86ہزار ہیضہ اور 1200یرقان میں مبتلا ہوچکے۔

اس کے علاوہ 30ہزار افراد کے شیلٹر میں ہر 400افراد کے لیے صرف ایک بیت الخلا ہے، صورتحال پوری آبادی کے لیے خطرہ بن چکی ہے۔

امریکی میڈیا نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ غزہ پر حملے جنوری تک جاری رہ سکتے ہیں، جنوری کے بعد غزہ میں اسرائیل کے ٹارگٹڈ حملے جاری رہیں گے۔

دوسری جانب اسرائیلی ملٹری چیف ربی کا بیان ایک بار پھر تنقید کی زد  میں ہے، بریگیڈیئر جنرل ایال کریم نے جنگ میں خواتین کی عصمت دری کو جائز قرار دیا تھا۔

واضح رہے کہ 7اکتوبر سے اب تک غزہ میں انسانیت سوز اسرائیلی کاروائیوں کے نتیجے میں 7ہزار سے زائد بچوں سمیت فلسطینی شہدا کی مجموعی تعداد 16 ہزار 248جبکہ زخمی ہونے والوں کی تعداد بھی 43ہزار 600سے متجاوز ہو چکی ہے۔

اسرائیل کی بلاتفریق بمباری کے نتیجے میں تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے 7ہزار 600سے زائد افراد اب بھی دبے ہیں۔

علاوہ ازیں اسرائیل کے حملوں میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مزید 150فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جب کہ سیکڑوں زخمی ہیں، اسرائیلی فوج نے خان یونس شہر کا محاصرہ کرلیا ہے۔