پشاور:پاکستانیوں میں شادی کرنے والے افغان باشندوں کی اوریجن کارڈ دینے کی درخواست عدالت نے منظور کرلی۔
پشاور ہائی کورٹ میں پاکستانیوں سے شادی کرنیو الے افغان باشندوں کی پاکستان اوریجن کارڈ کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت جسٹس ارشد علی اور جسٹس وقار احمد نے کی، جس میں وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل ثنا اللہ پیش ہوئے۔
دوران سماعت درخواست گزاروں کی جانب سے سیف اللہ محب کاکاخیل ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزاروں کو قانون کے مطابق اپلائی کرناچاہیے، جس پر درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پی او سی کارڈ کے ذریعے کوئی بھی غیرملکی پاکستانی شہری کے تمام حقوق حاصل کرسکتا ہے۔
پی او سی کارڈ کا حامل شخص پاسپورٹ اور ووٹ نہیں ڈال سکتا۔بعد ازاں پشاور ہائی کورٹ نے 109 افغان باشندوں کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے انہیں نادرا ایکٹ کے تحت پاکستان اوریجن کارڈ دینے کا حکم جاری کردیا۔