بس پر فائرنگ کے واقعے میں شوہر اور بچوں کو بچانے والی غذر کی 28 سالہ خاتون روشن بی بی جرات اور بہادری کا نیا نام بن گئی ہے۔
چند روز پہلے چلاس میں بس پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے دوران روشن بی بی نے اپنے ڈیڑھ سالہ بیٹے، 4 سالہ بیٹی اور شوہر کو بس کے فرش پر لٹایا اور ان کی حفاظت کیلئے خود ان کے اوپر لیٹ گئی تھی، روشن بی بی کو 6 گولیاں لگیں۔
روشن بی بی اپنے شوہر سید احمد شاہ اور اپنے 2 معصوم بچوں کے ہمراہ کراچی جانے کیلئے اس بد قسمت مسافر بس میں سوار تھی جس کو دہشت گردوں نے 2 دسمبر کی شام فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
متاثرہ خاتون کو گزشتہ رات قومی ائرلائن کی پرواز کے ذریعے کراچی منتقل کیا گیا جہاں سے انہیں ایمبولینس میں نجی ہسپتال پہنچایا گیا، ہسپتال میں روشن بی بی کا علاج شروع کر دیا گیا ہے۔