ڈی آئی خان:گورنر خیبرپختونخوا غلام علی اور نگران وزیراعلی ارشد حسین شاہ نے ڈی آئی خان کا دورہ کیا۔
گورنر غلام علی اور نگران وزیراعلی ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت کمشنر ڈی آئی خان آفس میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق اجلاس ہوا، گزشتہ روز ڈی آئی خان میں ناخوشگوار واقعہ کے تناظر میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
متعلقہ حکام نے سکیورٹی کی مجموعی صورتحال اور گزشتہ روز کے واقعہ پر بریفنگ دی، بریفنگ میں بتایا گیا رواں سال پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں نے ڈی آئی خان میں 194 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے، رواں سال اب تک 54 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ 55 ہلاک ہوئے۔
نگران وزیراعلی نے کہا کہ آرمی کیمپ پر حملہ انتہائی ناخوشگوار واقعہ ہے، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے، ہمیں پاک فوج کی قربانیوں پر فخر ہے۔