پی ایس ایل 9 کے ڈرافٹ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں بھائیوں حنین شاہ اور عبید شاہ کی شمولیت پر نسیم شاہ کا بیان آگیا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ میرے لیے نئی ٹیم ہے امید ہے کہ یہ اچھا سیزن ہوگا۔
نسیم شاہ اپنے بھائیوں کی یونائیٹڈ میں شمولیت سے متعلق کہا کہ میرے بھائی کرکٹ میں اپنی محنت سے آئے ہیں، میں سلیکٹر نہیں کہ اپنے بھائیوں کو اپنی ہی ٹیم میں منتخب کیا۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ انجری کے بعد کم بیک کرنا آسان نہیں ہوتا، پی ایس ایل میں اچھے بیٹرز ہیں انہیں بولنگ کرنا ایک چیلنج ثابت ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ایس ایل 9 کے ڈرافٹ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے نسیم شاہ کے بھائی عبید شاہ اور حنین شاہ کو ٹیم میں شامل کیا جبکہ نسیم شاہ بھی اس سیزن میں یونائیٹڈ کی نمائندگی کریں گے۔