پرتھ: آسٹریلوی آل راؤنڈر کیمرون گرین نے گردوں کی ناقابل علاج بیماری میں مبتلا ہونے کا انکشاف کیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کو انٹرویو میں کیمرون گرین نے بتایا کہ ’وہ پیدائشی طور پر گردوں کی ایک لا علاج بیماری میں مبتلا ہیں جس کا پانچواں مرحلہ ڈائیلاسز یا ٹرانسپلانٹ ہے۔ وہ اس وقت دوسری اسٹیج پر ہیں اور ان کے گردے 60 فیصد کام کررہے ہیں‘۔
انہوں نے بتایا کہ ’ڈاکٹروں نے میرے والدین کو میری پیدائش کے وقت بتایا تھا کہ میں زیادہ عرصہ زندہ نہیں رہوں گا۔ ایک مرحلے پر اس بیماری نے میری متوقع عمر 12 سال کردی تھی‘۔
انہوں نے بتایا کہ ’یہ بیماری میرے کرکٹ کیریئر کو بھی متاثر کررہی ہے کیونکہ مجھے درد کا سامنا رہتا ہے جبکہ کھانے میں نمک اور پروٹین کی مقدار بھی کم رکھنی پڑتی ہے جو ایک کرکٹر کیلئے اچھی چیز نہیں، ساتھی کرکٹرز اور کوچنگ اسٹاف کو اپنی طبی حالت سے آگاہ کردیا ہے۔‘
2020 میں ڈیبیو کرنے والے 24 سالہ فاسٹ باؤلنگ آل راؤنڈر کیمرون گرین آسٹریلیا کیلئے اب تک 24 ٹیسٹ، 23 ون ڈے اور آٹھ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں۔
کیمرون گرین بھارت کو آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں شکست دینے والے آسٹریلوی اسکواڈ کا بھی حصہ تھے اسکے علاوہ وہ پاکستان کے خلاف جاری پرتھ ٹیسٹ کا بھی حصہ ہیں۔‘