ناسا نے 340 سال پہلے پھٹنے والے ستارے کی باقیات کی تصویریں جاری کردیں

ناسا کی جانب سے 340 سال پہلے پھٹنے والے ایک ستارے کی باقیات کی تصویریں جاری کردی گئیں۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی خلائی ادارے (ناسا) نے جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ  کے ذریعے بنائی گئی سپرنووا کی باقیات کی تصویریں جاری کی ہیں، جن میں زمین سے 11 ہزار نوری سال کے فاصلے پر موجود کیسیوپیا اے (کیس اے) ستارے کے اندر دھول کے خول دیکھے جا سکتے ہیں۔

ٹیلی اسکوپ میں نصب نیئر انفرا ریڈ کیمرا (این آئی آر کیم) نے اس ستارے کی باقیات کو عکس بند کیا ہے۔ اس تصویر میں ستارے کی باقیات میں موجود جامنی رنگ کی چیز واضح دیکھی جا سکتی ہے، جو کہ اصل میں آئیونائزڈ گیس کی جانب اشارہ کرتی ہے۔

تحقیقاتی ماہرین نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ کیس اے (ستارہ) کم و بیش 340 برس قبل دھماکے سے پھٹ گیا تھا، جس کے بعد اس کی جگہ شیشے کی باریک کرچیوں جیسی دھاریاں رہ گئی ہیں۔سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اتنے سال تک اس منصوبے کا مطالعہ کرنے کے بعد معلومات کا حاصل ہونا ناقابلِ یقین ہے۔ یہ معلومات سائنس دانوں کو یہ جاننے میں مدد دے گی کہ یہ ستارہ پھٹا کیسے۔