لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور، 3 ماہ میں 3 اسسٹنٹ پروفیسرز مستعفی

پشاور میں 3 ماہ میں لیڈی ریڈنگ اسپتال کے 3 اسسٹنٹ پروفیسرز مستعفی ہو گئے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق گزشتہ 3 ماہ میں ایل آر ایچ کے 3 اسسٹنٹ پروفیسرز نے استعفیٰ دیا، مستعفی ڈاکٹروں میں انچارج شعبہ پیڈیاٹرک کارڈیک سرجری ڈاکٹر طارق سہیل بھی شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انچارج شعبہ ای این ٹی ڈاکٹر طاہر محمد اور انچارج شعبہ پیڈ سرجری ڈاکٹر فاروق عبداللّٰہ بھی مستعفی ہو گئے ہیں۔

ڈاکٹر طارق سہیل صوبے بھر میں بچوں کے واحد پیڈیاٹرک کارڈیک سرجن تھے۔

اس حوالے سے ڈاکٹر طارق کا کہنا ہے کہ معاشی بحران، ہیلتھ کارڈ بندش، آئی سی یو میں ادویات کی عدم فراہمی کے باعث استعفیٰ دیا۔

ڈاکٹر فاروق عبداللّٰہ نے کہا کہ 2021ء میں بیرون ملک نوکری کو چھوڑ کر ایل آر ایچ میں ڈیوٹی شروع کی، اسپتال میں سرجیکل آلات، ادویات کی کمی اور تنخواہوں میں تاخیر کے باعث استعفیٰ دیا۔

لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نئے ڈاکٹروں کی بھرتی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، اسپتال میں ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کیا جائے گا۔