پرتھ ٹیسٹ کا چوتھا روز: 450 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان مشکلات کا شکار، 48 پر 4 کھلاڑی آؤٹ

پرتھ میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز آسٹریلیا کے 450 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم مشکلات کا شکار ہے جہاں اس کے 4 بلے باز صرف 48 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

پرتھ میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف اپنی دوسری اننگز 449 رنز پر ڈیکلیئر کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو جیت لیے 450 رنز کا ہدف دیا۔

میچ کے تیسرے روز کے اختتام پر آسٹریلیا کی پاکستان کے خلاف پوزیشن مضبوط تھی، دوسری اننگز میں میزبان ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 84 رنز بنا لیے تھے اور اسے قومی ٹیم پر 300 رنز کی برتری حاصل تھی، اس سے قبل مہمان ٹیم کے 271 رنز پر تمام کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے۔

آج میچ کے چوتھے روز عثمان خواجہ نے 34 اور اسٹیون اسمتھ نے 43 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا، اسٹیون اسمتھ اپنے انفرادی اسکور میں 2 رنز کا اضافہ کرسکے اور 45 رنز پر خرم شہزاد کا شکار بن گئے۔

ان کے بعد ٹریوس ہیڈ 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہیں عامر جمال نے پویلین کی راہ دکھائی، آسٹریلیا کے آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز عثمان خواجہ تھے جو 90 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

مچل مارش 63 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، عثمان خواجہ کے آؤٹ ہونے کے بعد کینگزوز نے 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر 233 رنز بنا کر اپنی دوسری اننگز ڈیکلیئر کردی اور پاکستان کو جیت کے لیے 450 رنز کا ہدف دے دیا۔

پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے تین، شاہین شاہ آفریدی اور عامر جمال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پہلی وکٹ دو رنز پر ہی گئی جب عبداللہ شفیق دو رنز بناکر آوٹ ہوئے، انہیں مچل اسٹارک نے آؤٹ کیا۔

اس سے قبل پاکستان پہلی اننگز میں 271 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔

پاکستان کی جانب سے امام الحق 62، عبداللہ شفیق 42، کپتان شان مسعود 30، سعود شکیل 28، بابر اعظم 21، عامر جمال 10، فہیم اشرف 9، خرم شہزاد 7، شاہین آفریدی 4 اور سرفراز احمد 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ آغا سلمان 28 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔