ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور شدید سرد رہنے کا امکان

ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے، پنجاب ، خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں دھند اور سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔

منگل کے روزموسم کی صورتحال کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں موسم سرد اورخشک رہے گا، تاہم صبح کے اوقات میں بعض مقا ما ت پر کہرا پڑنے کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہے گا، تاہم صبح اور رات کے اوقات میں مردان، صوابی، چارسدہ نوشہرہ ،پشاور اور ڈی آئی خان میں دھند چھائے رہنے جبکہ صبح کے اوقات میں بعض مقا مات پر کہرا پڑنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد جبکہ مری، گلیات اورگردونواح میں موسم شدیدسرد رہے گا ، تاہم بہا ولپور ، ساہیوال ، سرگودھا، لاہور ، گوجرانوالہ، نارووال ،فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ،جھنگ،خانیوال ،ملتان ، خان پور،رحیم یار خان ، سیالکوٹ ، حافظ آباد ، گجرات، منڈی بہاوالدین ، جہلم ،بھکر ،لیہ ،ڈیرہ غا زی خان اور گر دو نواح میں صبح اور رات کے اوقات میں شدیددھند اور سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے، جبکہ صبح کے اوقات میں خطہ پوٹھوہار میں بعض مقامات پرکہرا پڑنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سرد رہے گا۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم جیکب آباد، موہنجوداڑو، سکھر، لاڑکانہ ، دادو، گھوٹکی اور پڈعیدن میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند اور سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا۔