شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار سمیع خان نے انکشاف کیا ہے کہ اداکاری کیلئے آنرز کی ڈگری قربان کردی تھی۔
اداکار سمیع خان نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے مزاحیہ شو میں شرکت کی اور اس دوران شوبز کیریئر، نجی زندگی سمیت دیگر موضوعات پر گفتگو کی۔
سمیع خان نے بتایا کہ سکول، کالج میں کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ اداکاری کروں گا، یونیورسٹی میں جاکر تھوڑا بہت ماڈلنگ کا شوق ہوا تھا، اس وقت ویڈیوز بہت بنتی تھیں تو ماڈلنگ اور میزبانی کا شوق ہوا۔
انہوں نے کہا کہ بطور میزبان آڈیشن دینے کے لیے گیا تھا تو راستے میں ہی فون آیا کہ آپ کے لیے ایک اچھی خبر ہے اور ایک بری خبر ہے۔
سمیع خان نے بتایا کہ میں نے ان سے کہا کہ بری خبر کیا ہے تو ڈائریکٹر کہنے لگیں کہ آپ شو نہیں کررہے، یہ سن کر میں تو رونے جیسا ہوگیا تھا کہ میزبانی کا پہلا بریک ملا وہ بھی ہاتھ سے نکل گیا۔
اداکار کے مطابق خاتون کہنے لگیں کہ اچھی خبر تو سن لیں میں نے پوچھا کیا اچھی خبر ہے تو بتایا کہ چینل کے ہیڈ نے آپ کی تصاویر دیکھیں ہیں وہ آپ کو فلم میں کاسٹ کرنا چاہ رہے ہیں پھر اس طرح میں نے زارا شیخ کے ساتھ ’سلاخیں‘ فلم کی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ جب میں سلاخیں کی شوٹنگ کے لیے گیا تو اس وقت میرے فائنل ایئر کے امتحان چل رہے تھے، میں نے شوٹنگ کے لیے اپنی آنرز کی ڈگری قربان کردی کیونکہ شوٹنگ گلگت میں تھی۔
سمیع خان کا کہنا تھا کہ میں نے شوٹنگ کے لیے والد کو بتایا نہیں تھا صرف والدہ کو بتایا تھا کہ فلم کرنے جارہا ہوں جب امی کو گلگت سے فون کیا تو وہ ڈانٹنے لگیں کہ کب آؤ گے ابو بار بار پوچھ رہے ہیں۔
اداکار نے بتایا کہ والد سے بات ہوئی تو کہنے لگے کونسا پیپر ہے گھر آکر تیاری کرلو پر میں نے ان سے کہا کہ نہیں بہت مشکل پیپر ہے ہاسٹل میں تیاری کرنے دیں، جب شوٹنگ سے واپس آیا تب بھی نہیں بتایا تھا دو مہینے بعد سپلیمنٹری پیپرز دیے اور ڈگری لی۔
انہوں نے کہا کہ سحری کے وقت والد کو بتانے کا فیصلہ کیا پھر بھائی نے کہا کہ یہ کچھ کررہا ہے آپ کو بتانا چاہتا ہے تو والد نے میرے طرف دیکھے بغیر کہا کہ یہ سمجھتا ہے کہ مجھے پتا نہیں ہے لیکن مجھے سب معلوم ہے یہ اتنے مہینوں سے کیا کررہا ہے، اس سے کہو جو کرنا ہے کرے ڈیرھ سال کا وقت ہے اس کے بعد پڑھنے کے لیے باہر جائے۔
سمیع خان نے بتایا کہ مہینے کے آخر میں والد سے پیسے مانگے تو کہنے لگے کیا کررہے ہو میں نے کہا کہ اداکاری کی کوشش کررہا ہوں، والد کہنے لگے تو خود کرو، اگر پڑھنے کے لیے پیسے چاہیں تو حاضر ہیں اگر یہ کرنا ہے تو خود سے کماؤ۔
اداکار نے کہا کہ والد کا یہ کہنا میرے لیے بہت اچھا ثابت ہوا کیونکہ مجھے جدوجہد کرنی پڑی اور محنت کرکے پیسہ کمایا۔