کمائی کے جنون نے فلم سازی کے عمل کو برباد کر دیا ' منوج باجپائی

بھارتی کے معروف اداکار منوج باجپائی کا کہنا ہے کہ باکس آفس پر کمائی کے جنون نے فلم سازی کے عمل کو برباد کر دیا ہے.

حالیہ ریلیز ہونے والی ’اینیمل‘ جیسی فلموں کے اثرات پر تبصرہ کرتے ہوئے منوج باجپائی کا کہنا تھا کہ باکس آفس پر کمائی کے جنون نے بھارت میں فلم سازی کے کلچر کو تباہ کر دیا ہے۔

باکس آفس پر فلم کی کمائی اور فلموں کے ریکارڈ بنانے کے بارے میں بات کرتے ہوئے منوج باجپائی نے کہا کہ میں نے ہمیشہ باکس آفس پر کمائی کے لحاظ سے فلموں کو جانچنے کا مخالف رہا ہوں۔

انھوں نے کہا کہ میں ہمیشہ سے یہ سمجھتا ہوں کہ اس چیز نے ہمارے ملک میں فلم سازی کے کلچر کو تباہ کر دیا ہے۔ اداکاروں کو فلم کی باکس آفس کمائی سے جانچنا درست نہیں ہے۔

اپنی اداکاری کے لیے معروف منوج کا مزید کہنا تھا کہ صرف میڈیا ہی نہیں لوگوں نے بھی باکس آفس کی کمائی پر بحث شروع کر دی ہے۔ یہ اتنا زیادہ ہوچکا ہے کہ اگر کوئی فلم 100 کروڑ کما لے تو لوگ اسے سارے اعزازات دے دیتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اینیمل اور سیم بہادر پر بہت سا پیسہ خرچ کیا گیا۔ تاہم ہم اپنی فلم پر اتنا پیسہ خرچ کرنے کے متحمل نہیں ہیں۔ ہم جیسے لوگ فلموں پر صرف ایک خاص رقم ہی لگا سکتے ہیں۔