وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا مالی طور پر کمزور ٹی ایم ایزکیلئے فنڈز فراہمی کا فیصلہ

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ سے بلدیاتی نمائندوں کے وفد کی ملاقات ہوئی، وفد نے وزیراعلیٰ کو بلدیاتی نمائندوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

وفد کے ارکان نے کہا کہ فنڈز اور بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات میں کمی جیسے مسائل کا سامنا ہے، ضم اضلاع میں بلدیاتی نمائندوں کے دفاترکا قیام اور دیگر مسائل بھی درپیش ہیں۔

ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے کہا کہ ٹی ایم ایز کو غیر ترقیاتی اخراجات، تنخواہوں اور بقایاجات کی ادائیگیوں کیلئے فنڈز فراہم کئے جائیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ضم اضلاع میں وی سی این سیز کے دفاتر کے لئے بھی فوری فنڈز فراہم کئے جائیں، مالی حالت بہتر ہونے پر اگلے مرحلے میں بلدیاتی حکومتوں کو اخراجات کیلئے مزید فنڈز جاری ہوں گے۔

ارشد حسین شاہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی اجازت سے بلدیاتی قانون میں ضروری ترامیم کیلئے آرڈیننس جاری کیا جائے گا، عوام کے مسائل مقامی سطح پر حل کرنے میں بلدیاتی حکومتوں کا اہم کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی حکومتوں کو درپیش مسائل کا احساس ہے، مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے، ضم اضلاع میں بلدیاتی حکومتوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔