الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی نشستیں کم کرنے کا بیان مسترد کردیا

 پشاور:الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی نشستیں کم کرنے سے متعلق خیبرپختونخوا بار کونسل کا بیان مسترد کردیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق کے پی بار کونسل کا بیان حقائق کے منافی اور ابہام پیدا کرنے کی کوشش ہے۔

 بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ2018ء میں 25ویں آئینی ترمیم کے تحت سابقہ فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کیا گیا۔انضمام کے بعد فاٹا کی 12قومی اسمبلی کی نشستیں ختم کی گئیں۔

ترجمان کے مطابق خیبر پختونخوا کی قومی اسمبلی میں 6نشستوں کا اضافہ کیا گیا، فاٹا ضم ہونے سے صوبے کی نشستیں 39سے بڑھا کر 45کی گئیں۔

 خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلی میں 16جنرل سیٹوں کا اضافہ ہوا ہے، صوبائی اسمبلی کی نشستوں کی تعداد 99سے 115ہو گئی۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کا تعین پارلیمنٹ کا استحقاق ہے۔

 آئینی ترمیم کے بغیر اسمبلیوں کی نشستوں میں کمی یا اضافہ ممکن نہیں، آئین کے مطابق مختص کی گئی نشستوں کے مطابق حلقہ بندیاں  کی ہیں۔