عام انتخابات میں تمام جماعتوں کو یکساں ماحول فراہم کریں گے، وزیر اعلیٰ کے پی

خیبرپختونخوا کے نگراں وزیر اعلیٰ جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کو مقابلے کیلیے یکساں ماحول فراہم کرنے کیلیے پُرعزم ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیر صدارت نگران صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں عام الیکشن 2024 کی تیاریوں کے حوالے سے کابینہ کو بریفنگ دی گئی۔

صوبائی کابینہ نے الیکشن کمیشن کی ہدایات اور ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے پر زور دیا جبکہ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو مقابلے کے لئے یکساں ماحول فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہیں، سیاسی جماعتیں اپنی انتخابی مہم کے دوران قواعد ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی اجتماعات معین کردہ مخصوص مقامات پر منعقد کئے جائیں،انتخابات میں اخراجات کے شفاف اور موثر استعمال کو یقینی بنایا جائے۔

کابینہ کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا میں قومی اسمبلی کے 55 اور صوبائی اسمبلی کے 145 نشستوں پر الیکشن ہوں گے جس کے لیے صوبے بھر میں 15737 پولنگ اسٹیشنز بنائے جائیں گے۔