ایبٹ آباد: ایبٹ آباد میں قلندرآباد کے گا ؤں ترھیڑی میں گھر میں آتشزدگی سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق آگ لگنے سے ذاکر عباسی کا پورا گھر جل کر راکھ ہوگیا جبکہ خاندان کے افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔
مقامی کونسلر خاقان عباسی نے بتایا کہ گھر میں آتشزدگی سے نگینہ بیگم زوجہ محمد ذاکر اور ان کے 4 بچے اور 4 بچیاں جاں بحق ہوگئیں۔
جاں بحق ہونے والے خاندان کا سربراہ ذاکر عباسی بسلسلہ روزگار کراچی میں مقیم ہے۔
ذرائع کے مطابق مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوششیں کی تاہم کچا گھر ہونے کی وجہ سے آگ پر قابو نہ پایا جاسکا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ریسکیو حکام کے مطابق ملبے سے نعشوں کو نکال لیا گیا ہے۔